لاہور۔24جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیراحمدلی نے لاہور چیمبر میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر ان منظور حسین جعفری ،آصف خان،آمنہ رندھاوا، کرامت علی اعوان، سابق …
فہیم الرحمن سہگل سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیراحمدلی کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔24جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیراحمدلی نے لاہور چیمبر میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر ان منظور حسین جعفری ،آصف خان،آمنہ رندھاوا، کرامت علی اعوان، سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر زیشان سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ فہیم الرحمن سہگل نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور بزنس کمیونٹی اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور باقاعدہ پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران سمیراحمدلی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان برادر اور دوست ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان سیاسی، سیاحتی اور عوامی روابط مضبوط ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد سے آذربائیجان کے لیے متعدد براہِ راست پروازیں چل رہی ہیں جبکہ آئندہ ماہ مزید پرواز شروع کرنے کا بھی امکان ہے، جس سے سیاحت اور کاروباری روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی سیاح آذربائیجان کا رخ کرتے ہیں تاہم اس کے مقابلے میں دوطرفہ تجارتی حجم ابھی کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔آذربائیجان کے فرسٹ سیکریٹری نے نشاندہی کی کہ بینکنگ چینلز کی کمی تجارت میں ایک بڑی رکاوٹ ہے اور اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ پاکستانی بینکوں کی آذربائیجان میں موجودگی ممکن بنائی جا سکے، جو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان تیل اور گیس کی برآمدات کے ساتھ ساتھ اب نان آئل سیکٹر، زراعت، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں اور سیاحت کو بھی فروغ دے رہا ہے اور ان شعبوں میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔سمیراحمدلی نے آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیرِ نو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں انفراسٹرکچر، سڑکوں، اسکولوں اور دیگر منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہترین امکانات ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو آذربائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر زور دیا۔سمیراحمدلی نے تجویز دی کہ لاہور چیمبر میں آذربائیجان کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کی جائے تاکہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور بزنس ٹو بزنس روابط کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گا اور آذربائیجان کے ساتھ کاروباری وفود کے تبادلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔








