فیصل آباد،باغبانوں کوآم کے نئے پودے لگانے کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت

آری فیصل آباد کے شعبہ اثمار کے ماہرین نے باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل فوری شروع کر کے وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسسٹنٹ آفیسر اثمار وقاص احمدنے کہا ہے

فیصل آباد۔ 10 اگست (اے پی پی):آری فیصل آباد کے شعبہ اثمار کے ماہرین نے باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل فوری شروع کر کے وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسسٹنٹ آفیسر اثمار وقاص احمدنے کہا ہے کہ جو باغبان آم کے نئے پودے لگانا چاہتے ہوں وہ مذکورہ مدت کے دوران نئے پودے لگا لیں تاکہ ان کی بروقت بڑھوتری کا سلسلہ شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ نئے پودے لگانے کےلئے انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں لگانے کےلئے آم کے ایسے پودوں کا انتخاب کیا جائے جو درمیانے قد کے ہوں اور ان کی عمر 3سال سے زائد نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ روٹ سٹاک اور سائن کی موٹائی تقریباً برابر ہونی چاہیے، پودے چھتری نما اور ان کی3سے4شاخیں ہوں۔ انہوں نے بتایاکہ پیوندکی اونچائی زمین سے 20سے 30سینٹی میٹر ہو اورپودا نرسری میں تبدیل شدہ ہو یا اس کی جڑ نیچے سے کاٹی گئی ہو جس کا تنا بھی زخمی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پودوں کی گاچی 25 سینٹی میٹر چوڑی اورلمبائی 30سے 35میٹر تک ہو۔ انہوں نے کہاکہ آم کے پودے کو تھرپس، سکیل، ملی بگ سمیت مختلف کیڑوں سے پاک ہوناچاہیے۔انہوں نے بتایاکہ مربع نما طریقہ سے پودے سے دوسرے پودے اورایک قطار سے دوسری قطار کا فاصلہ ہمیشہ برابر ہونا چاہیے تاکہ آم کے پودے کی بڑھوتری متاثرنہ ہو۔