محکمہ زراعت نے آم کے باغبانوں کو باغات سے گرے ہوئے خراب پھلوں کی روزانہ اوربروقت تلفی کی ہدایت کی ہے ۔
فیصل آباد،باغبانوں کو آم کے باغات سے گرے ہوئے خراب پھلوں کی بروقت تلفی کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے آم کے باغبانوں کو باغات سے گرے ہوئے خراب پھلوں کی روزانہ اوربروقت تلفی کی ہدایت کی ہے ۔ شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹراسرار ارشدنے کہا ہے کہ باغبان باغ میں گرے ہوئے خراب پھلوں کو اکٹھا کر کے باغ سے باہر کہیں دور گہرے گڑھے میں دبا دیں یا صاف پکی جگہ پر تیز دھوپ میں پھیلا دیں تاکہ پھل میں موجود انڈے اور سنڈیاں اپنی نشوونما پوری کر کے زمین میں داخل نہ ہو سکیں وگرنہ پھل میں موجود ہر سنڈ ی اپنی پرورش مکمل کرنے کے بعد مکھی بن کر زمین سے باہر آجائے گی اوردوبارہ پھل پر حملہ آور ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ باغبان باغوں میں لگے نر مکھی کے جنسی پھندوں کا باقاعدگی سے معائنہ جاری رکھیں اورمقررہ وقت پر میتھائل یوجینال کے کیپسول کی تبدیلی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی کی وجہ سے آم کی برآمد کو مسائل درپیش ہیں لہٰذا پھل کی مکھی کے تدارک اور آم کے پھل کی برآمد میں اضافہ کےلئے باغبان مربوط طریقہ انسداد اپنائیں جس سے نہ صرف ان کی اپنی آمدن میں اضافہ ہو گا بلکہ برآمد میں اضافہ سے ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔








