فیصل آباد،باغبانوں کو ترشاوہ پھلو ں کی برداشت جاری رکھنے،غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):چیف سائینٹسٹ سٹرس ایوب ریسرچ ملک محسن عباس نے باغبانوں کو جنوری کے دوران ترشاوہ پھلو ں مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی اور فروٹر کی برداشت جاری رکھنے اور بیمار، خشک و غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ غیر ضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کہر والی …

فیصل آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):چیف سائینٹسٹ سٹرس ایوب ریسرچ ملک محسن عباس نے باغبانوں کو جنوری کے دوران ترشاوہ پھلو ں مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی اور فروٹر کی برداشت جاری رکھنے اور بیمار، خشک و غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ غیر ضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کہر والی راتوں میں باغات کو پانی لگانے سمیت دھواں بھی دیاجائے۔ انہوں نےکہا کہ اگر دسمبر میں دیسی کھاد بمعہ فاسفورس، پوٹاش، زنک وغیرہ نہ ڈالی گئی ہو تو یہ کام جنوری کے دوران مکمل کرلیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیشہ کھاد وغیرہ کو پودوں کے گرد تنوں سے دور اچھی طرح بکھیرتے ہوئے بذریعہ گوڈی زمین میں مکس کرکے بھرپور پانی لگادینا چاہیے تاہم کھاد ڈالنے کے بعد پانی کا وقفہ ایک ماہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے باغات لگانے کے لئے جنوری کے دوران زمین کی تیاری کی جاتی ہے اور پودے لگانے کےلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کر کے تین مربع فٹ سائز کے گڑھے کھود لئے جائیں اور انہیں 15 دن کےلئے کھلا چھوڑ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جنوری کے دوران گدھیڑی کے انڈوں کو دبانے کے علاوہ اس کے بچوں پر کیڑے مار زہر کاسپرے بھی کردیاجائے اور پیشگی اقدامات کے تحت تسلی بخش پودے خریدنے کےلئے اچھی نرسری کا انتخاب بھی کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی یا مشاورت کےلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتا ہے۔