فیصل آباد،ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں سورج مکھی کی کاشت کا موزوں وقت 15فروری تک ہے،ڈاکٹر خالد اقبال

فیصل آباد۔ 17 جنوری (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے بتایا کہ فیصل آباد،ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کا موزوں وقت 15فروری تک،پنجاب کے جنوبی علاقوں ملتان، بہاولپوراور ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں موزوں ترین وقت 10فروری تک جبکہ لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن میں آخر فروری تک ہے لہٰذا کاشتکار ان ایام میں زیادہ سے زیادہ رقبہ پر …

فیصل آباد۔ 17 جنوری (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے بتایا کہ فیصل آباد،ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کا موزوں وقت 15فروری تک،پنجاب کے جنوبی علاقوں ملتان، بہاولپوراور ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں موزوں ترین وقت 10فروری تک جبکہ لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن میں آخر فروری تک ہے لہٰذا کاشتکار ان ایام میں زیادہ سے زیادہ رقبہ پر سورج مکھی کی کاشت کریں جس سے انہیں 110 سے 120 دن میں فصل مل سکتی ہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ سورج مکھی کی کاشت و پیداوار کے لحاظ سے روس 9.69ملین میٹرک ٹن کیساتھ پہلے، یوکرائن8.67ملین میٹرک ٹن کے ساتھ دوسرے اورپاکستان 0.4 ملین میٹرک ٹن کے ساتھ17 ویں نمبرپرہے لہٰذا تیل کی درآمد پر سالانہ خرچ ہونے والا350 ارب روپے سے زائد کا قیمتی ملکی زرمبادلہ بچانے کیلئے پاکستان کو زیادہ سے زیادہ سورج مکھی اور دیگر تیلدار اجناس کی کاشت کی جانب توجہ دیناہو گی جس کیلئے رواں موسم انتہائی موزوں ہے۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب سے1لاکھ27ہزار755ایکڑ رقبہ سے92ہزار 389ٹن سے زائد پیداوار حاصل ہوئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ میرا اور بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کیلئے موزوں ہے نیز مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ ایف ایچ 33اور بیرون ملک سے درآمد شدہ ہائبرڈ بیج ہر علاقہ میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کیلئے 2سے اڑھائی کلوگرام بیج فی ایکڑ ڈالیں اور بوائی کیلئے ایسا ڈبلر استعمال کریں جس میں کھیلیوں کا درمیانی فاصلہ 23سینٹی میٹر (9انچ)ہو۔اسی طرح ایک سوراخ میں کم از کم 2بیج ڈالے جائیں اور بیجوں کو ہاتھوں سے ہلکی سی مٹی کی تہہ ڈال کر ڈھانپ دیاجائے۔