محکمہ زراعت نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔
فیصل آباد،محکمہ زراعت کی کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 08 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔
ڈائریکٹرنظامت زرعی اطلاعات فیصل آبادڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار چنائی صبح 10 بجے شروع کریں جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو اور کپاس کی فصل کی چنائی شام 4 بجے بند کر دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کریں اور بتدریج اوپر کو چنائی کرتے جائیں تاکہ پودے کے سوکھے پتے چنی ہوئی کپاس میں شامل نہ ہوں۔ چنائی کرتے وقت ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکال لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چنائی کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی)سوتی ہونا چاہیے۔چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے اور پھٹی کو آلودگی سے بچانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔چنی ہوئی کپاس میں نمی، کچے ٹینڈے،کھوکڑی، رسیاں، سوتلی، بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پھٹی کو گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیا ہاتھ سے چن کر نکال دیں۔چنائی کرنے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے سر کو اچھی طرح کپڑے سے ڈھانپ کر چنائی کریں تاکہ اس میں انسانی بالوں کی آمیزش وغیرہ نہ ہو۔چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے۔







