فیصل آباد،کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اور کونپل کی مکھی سے بچانے کے لئےمناسب دانہ دار زہروں کے استعمال کی ہدایت

فیصل آباد،کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اور کونپل کی مکھی سے بچانے کے لئےمناسب دانہ دار زہروں کے استعمال کی ہدایت

فیصل آباد۔ 20 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اور کونپل کی مکھی سے بچانے کے لئےمناسب دانہ دار زہروں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد عدیل احمد نے بتایا ہے کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی فصل پر گہری نظر رکھیں اور اگر کسی جگہ پر کسی بیماری یا کیڑے مکوڑے کا حملہ نظر آئے تو فور ی طور پر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانہ دار زہروں کا استعمال کیاجائے تاکہ فصل کو نقصان کی معاشی حد سے بچایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بہاریہ مکئی کی فصل کی حسب ضرورت مناسب وقفے سے آبپاشی جاری رکھنی چاہیے خاص طور پر بور آنے پر کسی صورت میں پانی کی کمی نہ آنے پائے کیونکہ اس سے فصل متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بور آنے پر کھیت کو ہمیشہ تر وتر حالت میں رکھیں تاکہ دانہ بننے میں مددمل سکے لیکن اس بات کابھی خیال رکھا جائے کہ پانی زیادہ دیر تک کھڑا نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی گوڈی بھی جاری رکھیں اور آخری گوڈی کرتے وقت پودوں کےساتھ مٹی چڑھا دیں تاکہ تیز ہواچلنے کی صورت میں فصل کو گرنے سے بچایاجاسکے۔