محکمہ زراعت نے کاشتکار وں کو پھول گوبھی کی پنیری کی کاشت فوری شروع کرنے اور 15جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد عدیل احمد نے کہا ہے کہ پھول گوبھی کی اگیتی اقسام کےلئے ایک کلوگرام بیج جبکہ پچھیتی اقسام کےلئے آدھا کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال کیاجائے
فیصل آباد،کاشتکاروں کو پھول گوبھی کی پنیری کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکار وں کو پھول گوبھی کی پنیری کی کاشت فوری شروع کرنے اور 15جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد عدیل احمد نے کہا ہے کہ پھول گوبھی کی اگیتی اقسام کےلئے ایک کلوگرام بیج جبکہ پچھیتی اقسام کےلئے آدھا کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار بیج کو بیماریوں سے بچانے کےلئے مناسب پھپھوندی کش زہر بحساب 2گرام فی کلوگرام بیج لگا کر کاشت کریں اورذرخیزو نامیاتی مادوں سے بھر پور زمین کا انتخاب کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ آبپاشی کےلئے پانی ہر لحاظ سے موزوں اور پھپھوند ی والی بیماریوں سے پاک ہوجبکہ کیاریوں کی زمین بالکل ہموارو بھر بھری اورجڑی بوٹیوں سے پاک ہو۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار120×100میٹر رقبہ پر 10سینٹی میٹر بلند بالکل ہموار کیاریاں بنالیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں پانی پنیری والی جگہ پر ٹھہر نہ سکے۔انہوں نے کہاکہ تیار شدہ کیاری میں 6 تا7 سینٹی میٹر کے فاصلے پرا یک سینٹی میٹر گہری لکیروں میں مناسب کیرا کریں اور بیج کے اوپر مٹی کی ہلکی سی تہہ چڑھادیں نیز پنیری کو شام کے وقت کاشت کریں اور صبح شام آبپاشی فوارے سے اس طرح کی جائے کہ زمین وتر حالت میں رہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح تین چار دن میں پنیری اگ آئے گی۔انہوں نے بتایاکہ اگیتی اور درمیانی اقسام کی پنیری 35سے40دنوں میں جبکہ پچھیتی اقسام کی 35دنوں میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پھول گوبھی اچھے نکاس والی ذرخیز میرا زمین میں اچھی پیداوار دیتی ہے۔






