فیصل آباد،کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے حملے سے بچائو کے لئے تدارکی اقدامات کی ہدایت

فیصل آباد۔ 18 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے حملے سے بچائو کے لئے تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ کپاس کو ملکی معیشت میں اہم حیثیت حاصل ہے جس کا ہماری قومی جی ڈی پی میں 1.5فیصد اور معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری میں 7فیصد حصہ ہے جبکہ …

فیصل آباد۔ 18 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے حملے سے بچائو کے لئے تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ کپاس کو ملکی معیشت میں اہم حیثیت حاصل ہے جس کا ہماری قومی جی ڈی پی میں 1.5فیصد اور معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری میں 7فیصد حصہ ہے جبکہ پاکستان کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مجموعی پیداوار کاتقریباً80 فیصدپنجاب میں پیدا ہوتا ہے نیزکپاس اور اس کی مصنوعات کے ذریعے ملک کو کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس دنیا کی ایک اہم ترین ریشہ دار فصل ہے جس سے لباس اور کپڑے کی دوسری مصنوعات تیار کی جاتی ہیں اور اس کے بنولے کا تیل بناسپتی گھی کی تیاری کے لئے بطور خام مال استعمال ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کپاس کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں ملک میں گلابی سنڈی کے حملے کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی اور کاشتکاروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ گلابی سنڈی کپاس کی فصل کے بعد اپنی زندگی کا دورانیہ کپاس کی باقیات پر مکمل کرتی ہے، علاوہ ازیں گلابی سنڈی کے انسداد کا ایک مؤثر طریقہ سرمائی نیند سوئی سنڈیوں کی تلفی ہے لہٰذااس ضمن میں کاشتکارکپاس کی چھڑیوں کوفوری کاٹ لیں اور بعد ازاں کھیت میں فوری طور پر چیزل ہل چلائیں تاکہ کھیت میں موجود گلابی سنڈی کے پیوپے اور سرمائی نیند سوئی ہوئی سنڈیاں تلف ہو جائیں اور پروانوں کے باہر نکلنے کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہوجائے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس کی آ ف سیزن مینجمنٹ پر محکمہ زراعت پوری تندہی سے عملدرآمد کر رہا ہے اور اس ضمن میں کاشتکاروں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں کیونکہ کپاس کی آف سیزن مینجمنٹ پر عملدرآمد سے کپاس کی آئندہ فصل پر گلابی سنڈی کے حملے کے امکانات کم ہوجائیں گے اورکپاس کی آئندہ فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کی جا سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کاٹن انڈسٹری کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔