ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کو گلابی سنڈی کے ممکنہ حملوں سے فصل کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فیصل آباد،کپاس کے کاشتکاروں کو گلابی سنڈی کے ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کےلئے بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کو گلابی سنڈی کے ممکنہ حملوں سے فصل کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ کاشتکار اپنے کھیتوں کا باقاعدگی سے معائنہ جاری رکھیں اور اگر سروے کے دوران 100 پودوں میں پانچ سنڈیاں پائی جائیں تو فوری طور پر محکمہ زراعت کی سفارش کردہ زرعی ادویات کا سپرے کریں تاکہ نقصان کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گلابی سنڈی کپاس کی ایک نہایت نقصان دہ آفت ہے جو ٹینڈوں کو متاثر کر کے پیداوار اور روئی کے معیار میں نمایاں کمی کا باعث بنتی ہے اس لیے فصل کی مسلسل نگرانی اور معاشی نقصان کی حد تک پہنچتے ہی موثر تدارکی اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کے لیے ڈیلٹا میتھرن 36 ای سی، ایما میکٹن 10 ای سی، تھیامیتھوکسام اور کلورانٹرانیلی پروول پر مشتمل مرکب، لیوفینوران، انڈوکساکارب اور کلورانٹرانیلی پروول پر مشتمل ادویات سمیت دیگر منظور شدہ زہروں کی مقررہ مقداروں میں استعمال کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے زور دیا کہ سپرے ہمیشہ تجویز کردہ مقدار میں، مناسب پانی کے ساتھ اور موزوں موسمی حالات میں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف گروپوں کی ادویات کو باری باری استعمال کرنا ضروری ہے تاکہ گلابی سنڈی میں زہروں کے خلاف مزاحمت پیدا نہ ہو۔ ماہرین نے کسانوں کو متاثرہ ٹینڈوں کو تلف کرنے، کھیتوں کا باقاعدہ معائنہ جاری رکھنے اور مزید رہنمائی کے لیے قریبی دفتر زراعت یا محکمہ زراعت پنجاب کی ہیلپ لائن سے رابطے کی تلقین کی ہے تاکہ کپاس کی بہتر پیداوار اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔








