فیصل آباد،کھجور کے باغبانوں کو نومبر کے اختتام تک پودوں میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے کھجور کے باغبانوں وکاشتکاروں کو نومبر کے اختتام تک پودوں میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو 4سے5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پھل …

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے کھجور کے باغبانوں وکاشتکاروں کو نومبر کے اختتام تک پودوں میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو 4سے5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کے لئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 30نومبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد جنوری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔

انہوں نے کہاکہ کھاد کوتنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلاؤ کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں۔ انہوں نے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی، پرانے پتوں کو توڑنے، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوں سے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی اور مشاورت کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔