فیصل آباد، باغبانوں کو پودوں اور پھلوں کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ہوا توڑ باڑوں کی کانٹ چھانٹ نہ کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے باغبانوں کو پودوں اور پھلوں کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے باغات کے ارد گرد باڑ کے طور پر لگائے ہوئے اونچے درختوں کی گھنی ہوا توڑ باڑوں کی کانٹ چھانٹ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ باغات کے ارد گرد اونچے درختوں کی گھنی …

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے باغبانوں کو پودوں اور پھلوں کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے باغات کے ارد گرد باڑ کے طور پر لگائے ہوئے اونچے درختوں کی گھنی ہوا توڑ باڑوں کی کانٹ چھانٹ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ باغات کے ارد گرد اونچے درختوں کی گھنی ہوا توڑ باڑیں پودوں اور پھل کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتی ہیں اس لئے باغبان ہوا توڑ باڑوں کی کانٹ چھانٹ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلاتھوتھا اور چونے کا محلول ملا کر سفیدی کرنے سے گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھاجاسکتاہے کیونکہ اس طرح تنے کا چھلکا پھٹنے سے محفوظ رہتاہے۔انہوں نے کہاکہ نئے لگائے گئے پودے گرمی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اس لئے ان پودوں پر سرکنڈے، پرالی یا ٹاٹ وغیرہ سے سایہ کریں۔انہوں نے کہاکہ موسم گرما میں زیادہ ہل چلانے اور گوڈیاں کرنے سے زمینی درجہ حرارت ناموافق حد تک بڑھ جاتا ہے جو پودوں کےلئے نقصان کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے باغبانوں کو مختلف پھلوں کے باغات لگانے سے قبل شروع کے چند سالوں تک جنتر کاشت کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے لگائے جانے والے باغات میں شروع کے چند سالوں میں جنتر کاشت کرنے سے پودوں پر گرمی کا اثر کم پڑتاہے ، پودوں کی افزائش نسل بہتر ہوتی ہے اور انہیں شدید گرمی سے نقصان پہنچنے کااحتمال بھی کم سے کم ہو جاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ باغبانوں کو نرسری سے پودے خریدتے وقت جھاڑی دار پودوں کا چناؤ کرناچاہیے۔

مزید خبریں