فیصل آباد، کاشتکاروں کولوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق یہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔ لوبیا بطور دال، چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین …

فیصل آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق یہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔

لوبیا بطور دال، چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے ذرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کے لیے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے راؤنی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کے لیے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کے لیے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کے لیے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔