فیصل آباد، کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط رواں ہفتے کے دوران ڈالنے کی ہدایت

فیصل آباد، کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط رواں ہفتے کے دوران ڈالنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 16 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گنے کے کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط رواں ہفتے کے دوران ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد عامر صدیق نے کہا ہے کہ جن کاشتکاروں نے ابھی تک کھیتوں میں نائٹروجن کھاد کی آخری قسط نہیں ڈالی وہ رواں ہفتے کے دوران فصل کو کھاد کی تیسری خوراک کے طور پر آخری قسط ڈال دیں تاکہ فصل کا اگاؤ بہتر ہو سکے نیز اگر کھاد دیر سے ڈالی گئی تو برسات شروع ہونے پر فصل کی بڑھوتری پھوٹ کرنے لگے گی جس سے گنے کے گرنے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مونڈھی فصل کو نئی فصل کی نسبت 30 فیصد زائد کھاد کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کماد کی فصل پر گڑوؤں کے حملے کے کوئی شواہد نظر آئیں تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانے دار زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زہروں کے استعمال کے بعد کھیتوں کو پانی لگانے کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔