ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کے فروغ کیلئے محکمہ زراعت کا عملہ متحرک ہے
فیصل آباد ، کپاس کی کاشت کے حوالے سے خصوصی مہم جاری

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کے فروغ کیلئے محکمہ زراعت کا عملہ متحرک ہے اور مختلف علاقوں میں جا کر کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشت اور اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس ایک اہم نقد آور فصل ہے جس کی نہ صرف کسان بلکہ ملکی معیشت کو بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کپاس کی کاشت کے حوالے سے خصوصی مہم جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر اس کی کاشت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں اس وقت گندم کی کٹائی کا عمل جاری ہے اور محکمہ زراعت کا عملہ کاشتکاروں کو ترغیب دے رہا ہے کہ وہ خالی ہونے والی زمین پر فوری طور پر کپاس کاشت کریں تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ اگیتی کپاس سے زیادہ پیداوار کا انحصار ابتدائی 30 دنوں کے انتظام پر ہے۔ اس ضمن میں مناسب پودوں کی تعداد، بروقت چھد رائی اور ناغوں کو پُر کرنا ایسے زرعی عوامل ہیں جو کم لاگت میں زیادہ فائدہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاعموماً اگیتی کپاس کی کاشت کے بعد 4 سے 5 دن میں بیج کا اگاؤ ہو جاتا ہے اور اگر بیج نہ اگیں تو ایسی جگہوں کو نا غے کہتے ہیں۔انہوں کہا کہ ان ناغوں کو پورا کرنے کے لیے کپاس کے بیج کو 5سے 6 گھنٹے تک پانی میں بھگو نے کے بعد جس جگہ پر ناغہ ہو وہاں پر 4 سے5 بیج لگا کر نمدار مٹی سے ڈھانپ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ناغے پر کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ و ترکم ہو جانے پر بیج نہیں اگتے اور اگر پہلا پانی دینے کے بعد چوپے لگائیں تو پودوں کی مناسب بڑھوتری نہ ہونے کی وجہ سے پیداوار میں کمی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 10 فیصد نا غے کپاس کی پیداوار میں 8 تا 12 فیصد کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔








