فیصل آباد سے فوری حج پروازیں شروع کرنے پروفاقی وزیر مذہبی امور کے شکر گزار ہیں، فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد ۔ 02 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے فوری حج پروازیں شروع کرنے پروفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد کے دورے کے دوران سردار محمد یوسف نے چیمبر کے مطالبے پر اعلان کیا تھا کہ اسی سال سے حج …

فیصل آباد ۔ 02 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے فوری حج پروازیں شروع کرنے پروفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد کے دورے کے دوران سردار محمد یوسف نے چیمبر کے مطالبے پر اعلان کیا تھا کہ اسی سال سے حج پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس سال سے فیصل آباد سے براہ راست حج پروازیں شروع کی جا رہی ہیں جس سے اس ڈویژن کے علاوہ اردگرد کے اضلاع کے لوگوں کو بھی اپنے گھروں کے نزدیک سے براہ راست سعودی عرب جانے کیلئے فضائی سفر کی سہولت مل سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ یہ حقیقی معنوں میں براہ راست پروازیں ہوں گی اور یہاں کے عازمین حج کو کراچی سے دوبارہ جہاز تبدیل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

وہ فیصل آباد سے ہی پرواز کریں گے اور دوبارہ اُن کی فلائٹ فیصل آباد میں ہی لینڈ کرے گی۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ وہ خود اپنے ساتھیوں اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ پہلی حج پرواز سے حجاز مقدس جانے والے عازمین کو الوداع کہیں گے۔ دریں اثنا سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے بھی اس فیصلے پر وفاقی حکومت اور خاص طور پر سردار محمد یوسف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اس شہر کی بزنس کمیونٹی فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے ذریعے حج کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے والے عازمین کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔