فیصل آبادوومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے 2026-28ء کے انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ شیڈول ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ (Amendment) 2022ء اورٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 (Rule 14)اور فیصل آباد وومن چیمبر کے آرٹیکل آف ایسوسی ایشن15 کے تحت جاری کیا گیا ہے
فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے سال 2026-28کیلئے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی):فیصل آبادوومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے 2026-28ء کے انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ شیڈول ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ (Amendment) 2022ء اورٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 (Rule 14)اور فیصل آباد وومن چیمبر کے آرٹیکل آف ایسوسی ایشن15 کے تحت جاری کیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔ اس الیکشن میں ایگزیکٹو کی خالی ہونے والی تمام نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے۔ انتخابات کو صاف، شفاف اور مکمل طورپر غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے 3رکنی الیکشن کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے جو تصغیرہ تجمل، زیب النساء اور سنیلہ شریف پر مشتمل ہوگا۔ شیڈول کے مطابق انتخابی سرگرمیوں کا آغاز 8جولائی سے الیکشن شیڈول کے اجراء سے شروع ہو گیا ہے جس کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے علاوہ وومن چیمبرکی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں اس کی کاپی ریگولیٹر ڈی جی ٹی او کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔ ممبران کی عبوری فہرست 15جولائی کو جاری کی جائے گی تاہم حتمی فہرست 18اگست کو جاری ہو گی۔ ایگزیکٹو کا الیکشن لڑنے کے اہل امیدوار 22اگست کو کاغذات نامزدگی داخل کرائیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال25اگست کو ہو گی اور26اگست کو اُن کی فہرست ایف ڈبلیو سی سی آئی کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ اعتراضات 28اگست کو وصول کئے جائیں گے جن کو الیکشن کمیشن 31اگست2026کو نمٹا دے گا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل2ستمبر تک ریگولیٹر کو کی جا سکتی ہے جو اِن اپیلوں کو 9ستمبر 2026تک نمٹا دے گا۔ الیکشن لڑنے والوں کی حتمی فہرست 11ستمبر کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 15ستمبر2026ء تک واپس لئے جا سکتے ہیں جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدواروں کی حتمی فہرست 17ستمبر کو آویزاں کر دی جائے گی۔
کارپوریٹ کلاس کیلئے پولنگ21 ستمبر بروز سوموار جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے ووٹ 22ستمبر بروز منگل کو ڈالے جائیں گے۔ پولنگ کے اوقات کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی ہو گی اور عبوری نتائج کا اعلان باالترتیب 21اور22ستمبر 2026ء کو کر دیا جائے گا۔فیصل آبادوومن چیمبر کے حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان 29ستمبر کو سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا۔








