فیصل آباد چیمبر آف کامرس کی ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیداروں کے انتخابات 28-2026ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیداروں کے انتخابات 28-2026ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جبکہ انتخابات کرانے کیلئے سابق صدور مزمل سلطان، عاطف منیر اور چوہدری محمد نواز پر مشتمل الیکشن کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے

فیصل آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیداروں کے انتخابات 28-2026ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جبکہ انتخابات کرانے کیلئے سابق صدور مزمل سلطان، عاطف منیر اور چوہدری محمد نواز پر مشتمل الیکشن کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن شیڈول اور الیکشن کمیشن کی منظوری دی گئی۔ شیڈول کے مطابق ووٹرز کی عبوری فہرست میں کسی ممکنہ تبدیلی بارے 18جولائی تک سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا جا سکتا ہے جبکہ ممبران کی عبوری فہرست 22جولائی کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ اِن ممکنہ تبدیلیوں بارے اعتراض 29جولائی تک سیکرٹری جنرل کو پیش کیے جا سکتے ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل 3 اگست تک اس بارے میں لیے جانے والے ایکشن بارے متعلقہ اعتراض کنندہ کو آگاہ کر دیں گے۔ سیکرٹری جنر ل کے فیصلے کے خلاف اعتراض کی صورت میں 6۔ اگست تک الیکشن کمیشن کو رجوع کیا جا سکتا ہے جبکہ الیکشن کمیشن اِن اعتراضات کو 10 اگست تک نمٹا دے گا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف 13 اگست تک ریگولیٹر کو اپیل کی جا سکتی ہے جو 24 اگست تک ان کو نمٹا دے گا۔ شیڈول کے مطابق ووٹرز کی حتمی فہرست 26 اگست کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ووٹرز 31 اگست تک کاغذات نامزدگی داخل کر اسکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال یکم ستمبر کو ہو گی اور اسی روز الیکشن لڑنے کے اہل امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ مختلف مراحل مکمل کرنے کے بعد کارپوریٹ کلاس کیلئے پولنگ 21جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے پولنگ 22ستمبر کو ہوگی۔ پولنگ کے بعد گنتی ہو گی اور عبوری نتائج کا اعلان فوری طور پر کر دیا جائے گا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے منتخب ممبران صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے کاغذات نامزدگی 25ستمبر تک جمع کرا سکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال اسی روز ہو گی جبکہ عہدیداروں کیلئے پولنگ 28ستمبر کو ہو گی۔ نئے منتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹو ممبران کا باضابطہ اعلان 30ستمبر کو سالانہ اجلاس عام کے موقع پر کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں