ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ حافظ محمد بشارت کی زیرِ نگرانی نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے مابین تلاوتِ قرآن پاک، نعت، اردو و انگریزی تقاریر، ملی نغمہ اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلہ جات کے کوالیفائنگ راؤنڈز اختتام پذیر ہو گئے۔یہ مقابلہ جات اٹک، واہ کینٹ، ٹیکسلا، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف زونز میں الگ الگ منعقد کیے گئےجن میں ہر زون سے تقریباً 50 نجی …
فیڈرل بورڈ کے ہم نصابی مقابلہ جات کے کوالیفائنگ راؤنڈز اختتام پذیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ حافظ محمد بشارت کی زیرِ نگرانی نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے مابین تلاوتِ قرآن پاک، نعت، اردو و انگریزی تقاریر، ملی نغمہ اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلہ جات کے کوالیفائنگ راؤنڈز اختتام پذیر ہو گئے۔یہ مقابلہ جات اٹک، واہ کینٹ، ٹیکسلا، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف زونز میں الگ الگ منعقد کیے گئےجن میں ہر زون سے تقریباً 50 نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
کوالیفائنگ راؤنڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ فیڈرل بورڈ کے زیرِ اہتمام ہونے والے آئندہ مقابلہ جات میں اپنے اداروں اور زونز کی نمائندگی کریں گے۔ کامیاب امیدواروں کے نام مزید کارروائی کے لیے فیڈرل بورڈ کو بھجوائے جائیں گے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈحافظ محمد بشارت نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، خود اعتمادی بڑھانے، تخلیقی سوچ پروان چڑھانے اور شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف نصابی کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ طلبہ کی ذہنی، اخلاقی اور عملی تربیت بھی ہے۔ ایسے مقابلہ جات طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔سابق ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ ڈاکٹر ناصر محمود نے بھی ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلہ جات طلبہ میں مثبت مقابلے کا رجحان پیدا کرتے ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
میزبانِ تقریب نصیر جنجوعہ نے شرکاء، منتظمین، اساتذہ اور معززمہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی بھرپورشرکت اور دلچسپی ان مقابلہ جات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی تعلیمی و غیر نصابی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیےایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔تقریب کےاختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کی گئی۔







