قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں غیر متعدی امراض کے بوجھ میں کمی، احتیاطی صحت اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لئے ’’نوجوانوں کو بااختیار بنانا، صحت کو تبدیل کرنا‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
قائداعظم یونیورسٹی میں نوجوانوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے سے متعلق آگاہی سیشن

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں غیر متعدی امراض کے بوجھ میں کمی، احتیاطی صحت اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لئے ’’نوجوانوں کو بااختیار بنانا، صحت کو تبدیل کرنا‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں پیک شدہ غذاؤں پر سامنے کی جانب واضح انتباہی لیبلز کے ذریعے صارفین بالخصوص نوجوانوں کو غیر صحت بخش غذاؤں کے ممکنہ مضر اثرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن، قائداعظم یونیورسٹی کارڈیو کلب اور باقی کے اشتراک سے کیا گیا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نوجوانوں کے شہری ذمہ داریوں کی ادائیگی اور قومی سطح پر صحت کے اقدامات کے فروغ میں اہم کردار کو اجاگر کیا اور احتیاطی صحت کے فروغ کے لئے شریک اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی نے صحت مند طرز زندگی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے غیر متعدی امراض میں اضافے کے رجحان پر روشنی ڈالتے ہوئے انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں اور میٹھے مشروبات کے استعمال میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر ایم رضوان عالم نے پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن اور قائداعظم یونیورسٹی کارڈیو کلب کے مشترکہ اقدام اور نوجوانوں کو صحت سے متعلق سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے دل کی صحت کے تحفظ اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن، قائداعظم یونیورسٹی یوتھ کلب کا افتتاح اور اس کی پہلی انتظامی کابینہ کا اعلان بھی کیا گیا۔ بڑی تعداد میں طلبہ نے رضاکارانہ طور پر کلب کی رکنیت حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔







