قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کا دورہ، دربار کی توسیع سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا

ملتان۔ 23 نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کے روز دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کا دورہ کیا ،دورے کے موقع پر سجادہ نشین سید ابو الحسن جمال الدین گیلانی نے قائم مقام صدر کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے مزار پر حاضری دی اور دربار کی توسیع سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔قائم …

ملتان۔ 23 نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کے روز دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کا دورہ کیا ،دورے کے موقع پر سجادہ نشین سید ابو الحسن جمال الدین گیلانی نے قائم مقام صدر کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے مزار پر حاضری دی اور دربار کی توسیع سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضاگیلانی نے مزار اور مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور توسیعی منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھوسے بریفنگ لی۔

قائم مقام صدر نے ہدایت کی کہ دربار کے توسیعی منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جائے، برآمدہ کو مرکزی عمارت میں ضم کرنے اور مسجد کی تعمیر کے کام کا جلد آغاز کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ منصوبے کی معیاری اور بروقت تکمیل کے لیے ماہر انجینئرز اور متعلقہ تکنیکی ماہرین کی خدمات فوری طور پر حاصل کی جائیں۔

اس دوران انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے یقین دہانی کرائی کہ توسیعی منصوبے پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا اور تمام مراحل کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ دورے کے موقع پر سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی، ڈاکٹر جاوید صدیقی، ایڈمنسٹریٹر اوقاف سید ایاز الحسن گیلانی اور سید فیاض الحسن گیلانی اور گیلانی خاندان کے افراد موجود تھے۔

مزید خبریں