قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا کوئٹہ میں مصروف دن، مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا کوئٹہ میں مصروف دن، مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں

کوئٹہ۔30اپریل (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں جمعرات کو مصروف دن گزارا جہاں انہوں نے مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، تعزیت کا اظہار کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت دی۔

اپنے دورے کے دوران قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سے ان کی دادی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے نوابزادہ جمیل بگٹی کے انتقال پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مزید برآں انہوں نے ڈاکٹر عنایت اللہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کوئٹہ میں معروف وکیل ایڈوکیٹ شیر علی کاکڑ کی عیادت بھی کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔

دورہ کے دوران سیدال خان نے اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی، ان کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ حکام کو فوری اور موثر اقدامات کے ذریعے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ اور ان کے مسائل کا فوری ازالہ جمہوری عمل کا بنیادی تقاضا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر سے گریز کریں اور موثر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں