قابل تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے،وزیراعظم کی چینی کمپنی زونرجی کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے، متبادل توانائی کا استعمال کرتے ہوئے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں چینی کمپنی زونرجی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور صدر زونرجی کارپوریشن رچرڈ جے گاؤ نے کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے درآمدی بل کا بڑا حصہ بجلی پیدا کرنے کے لیے مہنگا ایندھن درآمد کرنے میں خرچ ہو جاتا ہے، اس زرمبادلہ کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کی جانب بڑھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی منصوبوں کے حوالے سے بدھ کو ایک پری بڈنگ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست ہیں، چین نے ہر داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کی حمایت کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری جو کہ چین کے وسیع تر منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا حصہ ہے، کے ذریعے چین پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، صنعت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے قائداعظم سولر پاور بہاولپور کا 300 میگاواٹ کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں پورا کیا تھا اور ہماری آئندہ بھی یہی کوشش رہے گی کہ ہم قابل تجدید توانائی خصوصاً سولر، ونڈ انرجی کے حوالے سے سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، ظفرالدین محمود اور فہد حسین نے شرکت کی۔ زونرجی کارپوریشن کی جانب سے وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے ایک خطیر رقم کا چیک بھی عطیہ کیا گیا۔