قلات اور پسنی میں سکیورٹی فورسز کی کارروا ئیوں میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ پسنی میں آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)کے دھماکے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید نے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کر لیا۔

راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ پسنی میں آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)کے دھماکے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید نے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کر لیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور اور ضلع قلات کے علاقے جھٹک آباد میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کی متعدد پناہ گاہوں کی موجودگی کی اطلاع دی جس سے مقامی آبادی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔

مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز ان علاقوں میں آپریشنز کر رہی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے واقعے میں18 اکتوبر 2026ء کو سکیورٹی فورسز نے ضلع قلات کے عمومی علاقے جھٹک آباد میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔دوسرے واقعے میں سکیورٹی فورسز نے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے عمومی علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا۔

ان میں سے ایک آپریشن کے دوران لیڈ فورس کے دستے کو جس کی قیادت میجر وجاہت وحید (عمر 34 سال، رہائشی لاہور) کر رہے تھے، ایک دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا گیا۔ دھرتی کے اس بہادر سپوت میجر وجاہت وحید نے فرض کی راہ میں عظیم قربانی دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔