قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اوراراکین کی ایران اورامریکہ کے درمیان جنگ بندی میں کامیابی پرحکومت اورقیادت کی تعریف، بہترین سفارتکاری سے اللہ تعالیٰ نے ملک کوبڑی عزت دی، راجہ پرویزاشرف اوردیگرکاقومی اسمبلی میں اظہارخیال
قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اوراراکین کی ایران اورامریکہ کے درمیان جنگ بندی میں کامیابی پرحکومت اورقیادت کی تعریف، بہترین سفارتکاری سے اللہ تعالیٰ نے ملک کوبڑی عزت دی، راجہ پرویزاشرف اوردیگرکاقومی اسمبلی میں اظہارخیال
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اوراراکین نے ایران اورامریکہ کے درمیان جنگ بندی میں کامیابی پرحکومت اورقیادت کے کردارکوسراہتے ہوئے کہاہے کہ بہترین سفارتکاری سے اللہ تعالیٰ نے ملک کوبڑی عزت دی ہے،قیام پاکستان کے بعد پاکستان کوپہلی بارعالمی اس سطح پراتنی بڑی پذیرائی ملی ہے ،کامیابی کوسنبھالنے کیلئے ہمیں ملکی معاملات کودرست ترتیب میں لانا چاہئے۔
بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی کوششوں سے ایران اورامریکہ کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پیداہوہونے والی صورتحال پربحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیراعظم اورپی پی پی کے رہنما راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ پورے پاکستان اورپاکستان کے ہرشہری کیلئے آج بڑی خوشی کادن ہے،اللہ کے فضل وکرم سے آج پاکستان کو بڑی کامیابی سے سرفرازکیاگیا،قوموں کی زندگی میں ایسے حالات آتے ہیں جب وہ مشکل ترین حالات سے نکل آتے ہیں، آج جوپیشرفت ہوئی ہے اس کے اثرات دوررس ہوں گے، پوری دنیا میں جنگی ماحول اورغیریقینی کی صورتحال تھی،کارخانہ دارسے لے کردہاڑی دارتک لوگ اس سے متاثرتھے،جنگوں سے پوری دنیا کاماحول خراب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ وزیراعظم، فیلڈمارشل سید عاصم منیر، پوری حکومت، تمام سیاسی جماعتوں اورپوری پاکستانی قوم کومبارکباددیتے ہیں کہ یہ سہرا پاکستان کے سرپرسجا، آج پوری دنیا میں پاکستان کانام گونج رہاہے،یہ ایک پیچیدہ مسئلہ اورمشکل مرحلہ تھا،ہمیں معلوم ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے کتنی محنت اورعرق ریزی شامل تھی،اگریہ کامیابی نہ ہوتی توانسانیت کاضیاں ہوتا، پاکستان کوجوعزت ملی ہے اس پرہمیں اللہ کاشکراداکرنا چاہئے۔ راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ حکومت وقت اورعسکری قیادت میں ہم آہنگی اور مربوط رابطہ کاری سے یہ کامیابیاں ملی ہے اوراس سے پورے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمارے آپس میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن جب ملک کی بات ہوں توہمیں ایک سوچ اوریک زباں ہو کر اکٹھے ہونا چاہئے،میں سمجھتاہوں کہ بہترین سفارتکاری سے اللہ تعالیٰ نے اس ملک کوبڑی عزت دی ہے، ہرپاکستانی خوش ہے، اللہ سے مذاکرات کی کامیابی اورپاکستان کی مزیدعزت وتوقیرکی دعاہے۔
انہوں نے کہاکہ ایران، سعودی عرب اورخلیجی ممالک کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہے، پاکستان نے سمجھداری کامظاہرہ کرتے ہوئے بہترین طریقہ کارکامظاہرہ کیا اورسرخروہوا،پاکستان میزبان ہے اورہم میں تفریق نہیں ہے،ہمارے آپس میں اختلافات ہے مگرپاکستان کے معاملہ پرکوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی طرح پاکستان میں بھی مہنگائی اورتیل کی قیمتیں بڑھی ہے، حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کئے ہیں،عوام کوبھی اپنے معمولات کوصورتحال کے مطابق ایڈجسٹ کرنا چاہئے اوراس ایوان سے یہ پیغام دینا چاہئے کہ ملک ہے توہم سب ہے۔ایم کیوایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کوبڑی عزت بخشی ہے، وزیراعظم،فیلڈمارشل،ڈپٹی وزیراعظم، ایوان اور حکومتی ٹیم کی کوششوں سے پاکستان کویہ عزت ملی ہے،یہ دنیا کاآخری واقعہ نہیں ہے ،ہوسکتاہے کہ اس طرح کے واقعات کاسامنا ہمیں مستقبل میں ہوں، بحرانوں اوراس طرح کے معاملات میں ہمیں ریاست، حکومت،ریاستی اداروں پراعتمادکرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ عوام اورسیاسی جماعتوں نے حکومت پراعتمادکااظہارکیا جس سے یہ کامیابیاں ملی،ہمیں بیرونی محاذ پربہت بڑی کامیابی ملی ہے، قیام پاکستان کے بعد پاکستان کوپہلی بارعالمی اس سطح پراتنی بڑی پذیرائی ملی ہے،اب اس کامیابی کوسنبھالنے کی ضرورت ہے اس کیلئے ہمیں ملکی معاملات کودرست ترتیب میں لانا چاہئے، ایران نے اس بحران میں ایک قوم ہونے کاثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے تعاون کاجواعلان ہواہے وہ خوش آئند ہے اوریہ سلسلہ جاری رہناچاہئے،ایرانی قوم سیسہ پلائی دیواربن کراس بحران میں کھڑی رہی، پاکستان میں سینس آف اونرشپ دینا ہوگا،نچلی سطح پراختیارات کومنتقل کرنے سے سینس آف اونرشپ میں اضافہ ہوگا،عوام کی شمولیت سے ہی ہم بیرونی محاذپرہونے والی کامیابیوں کاتسلسل یقینی بناسکتے ہیں، گورننس کوڈی سینٹرلائزڈ کرنے سے ہمارے بہت ساری مشکلات ختم ہوسکتی ہے۔ جے یوآئی (ف) کی شاہدہ اخترعلی نے کہاکہ آج کادن ملکی تاریخ میں ہمیشہ یادرکھاجائے گا
،وقتی طورپرجنگ بندی کااعلان ہواہے اورامید ہے کہ یہ مکمل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائے گا،جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ارادوں سے جیتی جاتی ہے، پاکستان کا اس جنگ میں کلیدی اورمثبت کرداررہاہے اوراس کانتیجہ بھی آج ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل نے غزہ،لبنان،عراق اورایران میں جوبربریت کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔میں جے یوآئی کی طرف سے حکومت اوراس میں کلیدی کرداراداکرنے والے تمام کرداروں کومبارکباددیتی ہوں ، ہم سب ایک نظام کاحصہ ہے،پاکستان کیلئے ہم سب یک آواز ہے،پاکستان ہے توہم سب ہے۔









