قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنےاورمسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، وفاقی وزارت مواصلات

قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے اور سڑک حادث کی روک تھام کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے اور سڑک حادث کی روک تھام کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں موثر گشت، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور خطرناک مقامات کی نگرانی شامل ہیں۔پیرکو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت مواصلات کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر گشت کو موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ مسافروں کو ضرورت کے وقت بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

تیز رفتاری، لاپرواہی سے ڈرائیونگ، لین کی خلاف ورزی اور اوور لوڈنگ سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ایوان کوبتایاگیا کہ حادثات کے زیادہ خطرے والے مقامات کی نشاندہی کرکے وہاں گشت اور نگرانی بڑھائی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک جام والے علاقوں اور مصروف اوقات میں ٹریفک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے۔ حادثات اور دیگر ہنگامی حالات سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے فیلڈ افسران اور پٹرولنگ یونٹس کی موثر تعیناتی بھی کی جا رہی ہے۔ ایوان کوبتایاگیا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے تجارتی اور پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، اوور لوڈنگ اور ڈرائیوروں کی جانب سے قواعد و ضوابط کی پابندی کی جانچ کی جاتی ہے۔

گاڑیوں کی رفتار اور ٹریفک کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے جبکہ دھند، بارش اور دیگر خراب موسمی حالات میں خصوصی انتظامات، انتباہات اور ضروری پابندیوں کے ذریعے محفوظ سفر یقینی بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ گاڑیوں کی خرابی یا سڑک پر رکاوٹوں کی صورت میں فوری امداد فراہم کرکے ثانوی حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ سڑکوں کی خراب حالت، سائن بورڈز، روشنی اور دیگر حفاظتی خامیوں کے ازالے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ بھی برقرار رکھا جاتا ہے۔وزارت کے مطابق موٹروے پولیس کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لے کر عملی خامیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جبکہ آپریشنل ڈیٹا اور فیلڈ سے موصول ہونے والی آرا کی روشنی میں تعیناتی اور قوانین کے نفاذ کی حکمت عملی بہتر بنانے پر توجہ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں، مسافروں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کا شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات بھی چلائی جاتی ہیں۔ایوان کوبتایاگیا کہ حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حادثات سے متعلق اعداد و شمار کا باقاعدگی سے تجزیہ کیا جاتا ہے جبکہ ہنگامی حالات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جاتا ہے۔