قومی ماربل و قدرتی پتھر پالیسی 2026-2030، برآمدات بڑھانے اور صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات پر غور
قومی ماربل و قدرتی پتھر پالیسی 2026-2030، برآمدات بڑھانے اور صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات پر غور

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت قومی ماربل و قدرتی پتھر پالیسی 2026-2030 کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماربل کی صنعت کی ترقی، ویلیو ایڈیشن، فنشنگ کے معیار میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ماربل کی برآمدات بڑھانے اور اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماربل کی فنشنگ، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ کے لیے چار تکنیکی گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم کی قیادت میں ماربل کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور اس کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ پاکستانی ماربل کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرکے بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی مسابقت بہتر بنانے اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں نجی شعبے کے نمائندوں نے صنعت کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی کمی اور دھماکوں کے ذریعے پتھر نکالنے کے روایتی طریقوں کے باعث ماربل کی بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس کے مسائل، ویلیو ایڈیشن کا فقدان اور محدود برآمدی مواقع بھی اس شعبے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ماربل کی فنشنگ اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنا کر عالمی منڈیوں میں پاکستانی ماربل کی مسابقت بڑھائی جا سکتی ہے۔ نجی شعبے کے نمائندوں نے عالمی خریداروں تک رسائی کے لیے خصوصی نمائش کے انعقاد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماربل پر ہاتھ سے تیار کردہ نقش و نگار اور دستکاری کی مصنوعات کی عالمی منڈی میں زیادہ قدر حاصل کی جا سکتی ہے۔
اجلاس میں ماربل کو پائیدار قدرتی پتھر کے طور پر فروغ دینے اور اس کے مختلف استعمالات و افادیت کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، سیکریٹری صنعت و پیداوار احسن علی منگی، سی ای او پاسڈیک، ایڈیشنل سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔







