قومی ہیروز کی قربانیوں اور خدمات کو یاد رکھنا اور نئی نسل کو ملکی تاریخ سے روشناس کرانا قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ترجیحات میں شامل ہے، اورنگزیب خان کھچی

قومی ہیروز کی قربانیوں اور خدمات کو یاد رکھنا اور نئی نسل کو ملکی تاریخ سے روشناس کرانا قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ترجیحات میں شامل ہے، اورنگزیب خان کھچی

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ قومی ہیروز کی قربانیوں اور خدمات کو یاد رکھنا اور نئی نسل کو ملکی تاریخ سے روشناس کرانا قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ترجیحات میں شامل ہے، اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ہم ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں بانیان پاکستان میں نمایاں مقام رکھنے والے اور ملک کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی 75ویں برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شہید ملت کی پوتی کی صاحبزادی سمیعہ لیاقت علی خان نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ شہید ملت کے خاندان کی ایک فرد بھی اس موقع پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے ماتحت اداروں میں قومی شخصیات کی زندگی، خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی کی ان کوششوں کو سراہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسی نمائشیں ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہیں اور اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہیں کہ ہم ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی این سی اے کے اس اقدام کو مزید وسعت دیتے ہوئے جڑواں شہروں کے نوجوانوں اور طلبہ کو بھی نمائش دیکھنے کی دعوت دی جائے گی تاکہ انہیں اپنی تاریخ، قومی رہنمائوں اور تحریکِ پاکستان کی جدوجہد سے قریب لایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن قومی ہیروز کی یاد اور ان کی خدمات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے تاکہ نوجوان اپنے محسنوں کو یاد رکھیں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔اس موقع پر سمیعہ لیاقت علی خان نے شہیدِ ملت کی یاد میں تصویری نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنے خاندان کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ لیاقت علی خان کی شہادت ان کی زندگی کا سب سے بڑا حادثہ تھا۔ سمیعہ لیاقت علی خان کے مطابق یہ واقعہ ان کے خاندان کی زندگی میں ایک اچانک اور فیصلہ کن تبدیلی کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ملت کی یاد میں ایسی تقریبات اور نمائشیں ان کی زندگی، خدمات اور قومی تاریخ میں ان کے کردار کو زندہ رکھنے میں اہمیت رکھتی ہیں۔پی این سی اے کے زیر اہتمام منعقدہ اس تصویری نمائش کا مقصد شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی زندگی، قومی خدمات اور پاکستان کی تاریخ میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو اپنے قومی رہنماؤں کی جدوجہد اور قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔