قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ، وزیراعظم کی ٹانک میں پولیو ورکرز ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں پولیو ورکرز کی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ٹانک میں پولیو ورکرز کی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم کچی آبادی میں سپاہی پیر رحمن اور سپاہی نثار خان کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پولیو ورکرز پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں ۔

قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔ وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا۔