لائیوسٹاک سیکٹر کو فوری ترقی دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر لائیو سٹاک و زراعت

وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ مویشی پال خواتین و حضرات کو جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب سہولیات بروقت مہیا کر کے لائیوسٹاک سیکٹر کو فوری ترقی دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ مویشی پال خواتین و حضرات کو جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب سہولیات بروقت مہیا کر کے لائیوسٹاک سیکٹر کو فوری ترقی دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ہیڈ آفس کا دورہ کے موقع پر کیا۔ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ہیڈ آفس کا دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرامز میں 14 ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں، جن میں سے8 نئی اور6 جاری سکیمیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جاری منصوبوں میں ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام، وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام، ہرڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ویکسین پروڈکشن سیکشنز کی اپ گریڈیشن، محکمہ کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹولنٹن مارکیٹ لاہور کی بحالی شامل ہیں جبکہ نئی سکیموں میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کی فراہمی، تحصیل سطح کے ویٹرنری ہسپتالوں کی ماڈل ہسپتالوں میں اپ گریڈیشن، وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کو لائیو سٹاک سپورٹ، ڈیری سپلائی چین سپورٹ پراجیکٹ، ایل پی آر آئی اوکاڑہ کی اپ گریڈیشن، لائیو سٹاک فارمرز ٹریننگ پراجیکٹ اور لائیو سٹاک انفارمیشن سسٹم کی جدید خطوط پر تبدیلی شامل ہیں۔

بریفنگ اجلاس سے قبل صوبائی وزیر کا سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)، ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے لائیو سٹاک ہیڈ آفس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ صوبائی وزیر کو بریف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے تحت اب تک28,906 مویشی پال حضرات مستفید ہو چکے ہیں۔ اجلاس کے دوران محکمہ کی جانب سے جانوروں کی بیماریوں کی روک تھام، حفاظتی ویکسینیشن، جدید تشخیصی سہولیات، مصنوعی نسل کشی، جینیاتی بہتری، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز، الٹراسانڈ سروسز، بیماریوں کی نگرانی، ویٹرنری ہسپتالوں کی بہتری، فارمرز کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید فارمنگ ٹیکنالوجیز کے فروغ، جانوروں کی غذائیت، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے، ویلیو چین کی بہتری اور لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک پنجاب کی معیشت، غذائی تحفظ، دیہی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا ایک اہم ستون ہے۔ مویشی پال حضرات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور لائیو سٹاک سیکٹر کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ ہو۔ صوبائی وزیر نے محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشورہ کے دوران محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے افسران اور فیلڈ عملے کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے محکمہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبہ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی اور مویشی پال حضرات کی خدمت جاری رکھیں گے۔