لاہور۔25فروری (اے پی پی):حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی اور کسانوں کو بلاسود مالی سہولتوں کی فراہمی کے لیے سی ایم پنجاب لائیو سٹاک کارڈ اسکیم کے تحت مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تقریب بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوئی۔یہ معاہدہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے مابین طے پایا جس کا مقصد صوبہ …
لائیوسٹاک کارڈ سکیم چھوٹے کسانوں کیلئے ایک انقلابی قدم ہے، سید عاشق حسین کرمانی

مزید خبریں
لاہور۔25فروری (اے پی پی):حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی اور کسانوں کو بلاسود مالی سہولتوں کی فراہمی کے لیے سی ایم پنجاب لائیو سٹاک کارڈ اسکیم کے تحت مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تقریب بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوئی۔یہ معاہدہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے مابین طے پایا جس کا مقصد صوبہ بھر کے مویشی پال حضرات کو آسان شرائط پر مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ جبکہ بینک آف پنجاب کی جانب سے صدر ظفر مسعود نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی و دیہی ترقی کے ویژن کا اہم حصہ ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں لائیو سٹاک کارڈ اسکیم چھوٹے کسانوں کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے جس کے ذریعے کسانوں کو بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بچھڑوں کی نگہداشت، معیاری خوراک اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں، اس سے گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور دیہی معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں قرضوں کی 97 فیصد واپسی کسانوں کے اعتماد اور حکومت کی شفاف پالیسیوں کا ثبوت ہے۔اسکیم کے تحت 43,302 کسان مستفید ہوں گے جبکہ4 لاکھ سے زائد بچھڑوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، فی جانور27 ہزار روپے قرض دیا جائے گا،فی کسان قرض کی حد1 لاکھ 35 ہزار سے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک ہوگی،قرض کی مدت210 دن (6 ماہ استعمال اور1 ماہ واپسی) مقرر کی گئی ہے، کسانوں کے لیے صفر مارک اپ ہوگا جسے حکومت پنجاب برداشت کرے گی،25 فیصد رسک کوریج کریڈٹ لاس گارنٹی کے تحت فراہم کی جائے گی اور کسانوں کے اثاثوں پر کوئی رہن نہیں رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق اسکیم کے تحت ونڈا،سائیلیج اور منرل مکسچر کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ جانوروں کی بہتر نشوونما ممکن ہو سکے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی جدید خطوط پر ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔








