لاہو، سائبر فراڈ کے خلاف کارروائیاں، 11 ملزمان گرفتار، 13 لیپ ٹاپ، 6 موبائل فون اور 6 کمپیوٹر برآمد

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے سائبر فراڈ اور غیر قانونی کال سینٹرز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے سائبر فراڈ اور غیر قانونی کال سینٹرز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران13 لیپ ٹاپ،6 موبائل فون،6 کمپیوٹر اور فراڈ میں استعمال ہونے والا اہم ڈیجیٹل ڈیٹا برآمد کیا گیا۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی ہدایات پر ہونے والی کارروائیوں میں شہریوں کو بینک افسران اور مختلف سروس کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرکے فون کالز کے ذریعے مالی معلومات حاصل کرنے کے ساتھ غیر قانونی وی او آئی پی کال سینٹرز چلانے والے گروہوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔این سی سی آئی اے لاہور نے تقریبا10 لاکھ روپے کے فراڈ کی شکایت پر محمد اسلم،محمد حذیفہ، عبدالروف، جان محمد،محمد اصغر اور عمر عثمان کو گرفتار کیا۔ملزمان بینک منیجر بن کر شہریوں کو فون کرتے اور مالی مراعات کا لالچ دیکر افراد کے نام پر بینک اکاونٹس کھلواتے تھے۔ان اکاونٹس کو فراڈ کی رقم نکلوانے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔کارروائی میں دو موبائل فون برآمد ہوئے۔گلبرگ تھری کے القادر پلازہ میں ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کارروائی کے دوران احسن رضوان،محمد احمد اور عرفان خالد حسین کو گرفتار کیا گیا۔کارروائی میں آٹھ لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون قبضے میں لئے گئے۔ابتدائی جانچ میں برآمد شدہ آلات میں وی او آئی پی سافٹ ویئر، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز سے متعلق معلومات اور موبائل نمبرز کا ڈیٹا موجود تھا۔گارڈن ٹاون کی برکت مارکیٹ میں ایک اور کال سینٹر کیخلاف کارروائی کے دوران عدیل شہزاد اور علی عدنان کو گرفتار کیا گیا۔موقع سے پانچ لیپ ٹاپ،چھ کمپیوٹر اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹر سے سروس کمپنیوں کے نمائندے بنکر برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو فون کئے جاتے تھے۔این سی سی آئی اے کےمطابق برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کو فرانزک جانچ کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔تفتیش کے دوران مالی لین دین،مزید متاثرین اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔