لاہور پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران رواں سال اب تک 9 ہزار 600 سے زائد افراد کو گرفتار اور شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے 8 ہزار 694 مقدمات درج کیے ہیں۔
لاہور پولیس کا کریک ڈائون جاری،رواں سال 9 ہزار 600 بجلی چورگرفتار کرلیے، ترجمان
لاہور۔29جون (اے پی پی):لاہور پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران رواں سال اب تک 9 ہزار 600 سے زائد افراد کو گرفتار اور شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے 8 ہزار 694 مقدمات درج کیے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پولیس اور لیسکو کی مشترکہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ قومی وسائل کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے اور بجلی چوری جیسے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ سہولت کاری کرنے والوں اور بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والی ڈیوائسز تیار کرنے والوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔سی سی پی او نے بجلی چوری کے مقدمات کی فوری تکمیل اور چالان بلا تاخیر عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایت کی۔









