لاہور چیمبر کا کاروباری وفد جرمنی پہنچ گیا،ووپرٹال چیمبر سے کاروباری روابط پر تبادلہ خیال

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کاروباری وفد صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل کی قیادت میں جرمنی میں جاری یورپ تجارتی مشن کے سلسلے میں برگشے چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس ووپرٹال، زولنگن، ریمشائڈ (آئی ایچ کے ووپرٹال) پہنچ گیا

لاہور۔8اگست (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کاروباری وفد صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل کی قیادت میں جرمنی میں جاری یورپ تجارتی مشن کے سلسلے میں برگشے چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس ووپرٹال، زولنگن، ریمشائڈ (آئی ایچ کے ووپرٹال) پہنچ گیا۔وفد نے برگشے چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس ووپرٹال، زولنگن، ریمشائڈ کے انٹرنیشنل ڈویژن کے افسر آرفٹ جیسپر رسٹ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت بڑھانے، کاروباری روابط مضبوط بنانے، پاکستانی برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری و معاشی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان ادارہ جاتی و کاروباری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپ کا ایک اہم صنعتی ومعاشی مرکز اور پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے برآمدات، صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی و دیرپا کاروباری شراکت داری کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ملاقات کے دوران آرفٹ جیسپر رسٹ نے غیر ملکی تجارت اور کاروباری مواقع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و جرمنی کے برگشے خطے کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر کاروباری ماحول، باہمی تجارت اور ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔لاہور چیمبر کے وفد کے دیگر اراکین نے بھی ملاقات میں شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں میں موجود کاروباری امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جرمن کمپنیوں کے ساتھ براہ راست کاروباری روابط قائم کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد نے کہا کہ اس نوعیت کے دورے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں کو سمجھنے، غیر ملکی کاروباری شراکت داروں کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے موثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

مزید خبریں