اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے دولتِ مشترکہ کی ٹیلی کام تنظیم (سی ٹی او) کے زیرِ اہتمام لندن میں منعقدہ عالمی تقریب میں تین اہم ڈیجیٹل ایوارڈز جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ کامن ویلتھ کے 56 رکن ممالک میں پاکستان واحد ملک قرار پایا جس کے تینوں پیش کردہ منصوبوں کو عالمی سطح پر منتخب کر کے اعلیٰ ترین پوزیشنوں سے نوازا گیا، جو ملکی ڈیجیٹل ترقی …
لندن میں پاکستان کی بڑی کامیابی، ٹیکنالوجی اور عوامی خدمات کے شعبے میں 3 اہم عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے دولتِ مشترکہ کی ٹیلی کام تنظیم (سی ٹی او) کے زیرِ اہتمام لندن میں منعقدہ عالمی تقریب میں تین اہم ڈیجیٹل ایوارڈز جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
کامن ویلتھ کے 56 رکن ممالک میں پاکستان واحد ملک قرار پایا جس کے تینوں پیش کردہ منصوبوں کو عالمی سطح پر منتخب کر کے اعلیٰ ترین پوزیشنوں سے نوازا گیا، جو ملکی ڈیجیٹل ترقی پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔پاکستان نے نوجوانوں کو نئے کاروبار اور جدید کاروبار شروع کرنے کے لیے تربیت، رہنمائی اور سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے والے ‘نیشنل انکیوبیشن سینٹرز’ کے منصوبے پر پہلی پوزیشن یعنی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ غریب اور مستحق شہریوں تک حکومتی مالی امداد کو آن لائن، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے ڈیجیٹل نظام نے دوسری پوزیشن جیت کر سلور میڈل حاصل کیا۔ مزید برآں، ملک بھر میں تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی اور موبائل نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکومتی پالیسی کو بھی برونز میڈل سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی اعزاز وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ‘ڈیجیٹل پاکستان’ وژن کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھول رہی ہے اور سرکاری خدمات کو عام شہریوں کے لیے گھر بیٹھے آسان بنانے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں انٹرنیٹ نظام کو مضبوط تر بنا رہی ہے۔







