سیالكوٹ۔ 05 مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ لہسن كی بہترپیداوار حاصل كرنے کیلئے فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں، لہسن کے پتوں اور تنے کے گلاؤکی بیماری فصل پر کسی بھی مرحلے میں حملہ كرسکتی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریكٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت سمبڑیال صباء تحسین نے ”اے …
لہسن كی بہترپیداوار حاصل كرنے کیلئے نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں،محکمہ زراعت
سیالكوٹ۔ 05 مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ لہسن كی بہترپیداوار حاصل كرنے کیلئے فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں، لہسن کے پتوں اور تنے کے گلاؤکی بیماری فصل پر کسی بھی مرحلے میں حملہ كرسکتی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریكٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت سمبڑیال صباء تحسین نے ”اے پی پی“ کوبتایا کہ مرطوب موسم لہسن کے لیے زیادہ خطرناک ہوتاہے جبکہ نمدار موسم میں اس بیماری کے جراثیم پتوں اور تنوں پر بھورے رنگ کے دھبوں کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں اوربعد میں ان کا رنگ سرخی مائل ہوجاتا ہے جس کے بعد متاثرہ پتے اور تنے گلنے سڑنے شروع ہوجاتے ہیں اور بیماری کی شدت کی صورت میں پودا مرجاتا ہے۔انہوں نے كہا كہ لہسن کے پتوں کے جھلساؤ کی بیماری سب سے پہلے لہسن کے پتوں کے سروں سے شروع ہوتی ہے جس سے فصل کے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس بیماری کے جراثیم زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں، جھساؤ کے حملہ سے پتوں پر ہلکے جامنی رنگ کے دھبے پڑ جاتے ہیں ، بیج پیدا کرنے والی ڈنڈی گل سڑ جاتی ہے، اسی طرح روئیں دار پھپھوندی کے حملہ سے پتوں پر زردی مائل پیلے رنگ کے دھبے نظر آتے ہیں اور بیماری کا حملہ شدید ہونے پر تمام پتے سوکھ جاتے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریكٹر نے كہا كہ ان بیماریوں کے تدار ک کے لیے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ پھپھوند کش زہروں کا4سے6دن کے وقفہ سے سپرے کریں، 15دن کے وقفہ سے آبپاشی کا سلسلہ جاری رکھیں ۔
لہسن کی فصل پر تھرپس کے بالغ وبچے حملہ آور ہوکر پتوں کا رس چوستے ہیں جس سے پتے چڑ مڑ ہوجاتے ہیں اور بعد میں خشک ہوکر گر جاتے ہیں، حملہ شدہ پودے پوتھیاں نہیں بناتے جس سے پیداوار میں نمایا ں کمی واقع ہوجاتی ہے ،تھرپس کے حیاتیاتی تدارک کے لیے پودوں کو سوکا نہ آنے دیں کیونکہ خشک موسمی حالات میں اس کا حملہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے ہدایت كی كہ تھرپس کے تدارک کے لیے گوڈی کے علاوہ محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کی سفارش کردہ کیڑے مار زہر کا سپرے کریں۔









