ماہرینِ زراعت نے لیمن گراس کو ایک انتہائی منافع بخش اور طبی خصوصیات سے بھرپور پودا قرار دیتے ہوئے کاشتکاروں کو اس کی بڑے پیمانے پر کاشت کا مشورہ دیا ہے۔ شعبہ پلانٹ فزیالوجی تحقیقاتی ادارہ و اگرانومی ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ماہر ڈاکٹر محمد ادریس نے بتایا کہ لیمن گراس نہ صرف معاشی طور پر مستحکم فصل ہے بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے بھی بے پناہ فوائد …
لیمن گراس ایک انتہائی منافع بخش اور طبی خصوصیات سے بھرپور پوداہے، کاشتکاروں کو بڑے پیمانے پر کاشت کا مشورہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جون (اے پی پی):ماہرینِ زراعت نے لیمن گراس کو ایک انتہائی منافع بخش اور طبی خصوصیات سے بھرپور پودا قرار دیتے ہوئے کاشتکاروں کو اس کی بڑے پیمانے پر کاشت کا مشورہ دیا ہے۔ شعبہ پلانٹ فزیالوجی تحقیقاتی ادارہ و اگرانومی ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ماہر ڈاکٹر محمد ادریس نے بتایا کہ لیمن گراس نہ صرف معاشی طور پر مستحکم فصل ہے بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے بھی بے پناہ فوائد کی حامل ہے۔
انہوں نے لیمن گراس کے فوائد بتاتے ہوئے کہاکہ یہ آنت، جگر، لبلبہ اور پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ہے اور معدہ، نزلہ، زکام اور بڑی آنت کے مسائل کے لیے اس کی سبز چائے (قہوہ) انتہائی مفید ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ خون کو پتلا کرنے اور کولیسٹرول کی سطح متوازن رکھنے میں مدد دیتاہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اس پودے میں موجود مخصوص اجزاء کی وجہ سے مچھر اور دیگر زہریلے کیڑے گھروں سے دور رہتے ہیں۔ماہرین نے لیمن گراس کی کاشت کے لیے موزوں حالات اور علاقوں کا بتاتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد سمیت وسطی پنجاب کی زمین اس کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہے، تاہم اسے جنوبی پنجاب میں بھی کامیابی سے اگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پودا سخت جان ہے اور گرم و مرطوب آب و ہوا میں تیزی سے نشوونما پاتا ہے۔
اسے ہر قسم کے آبپاشی والے علاقوں میں لگایا جا سکتا ہے۔زمین کی تیاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کاشت سے قبل زمین میں 3 سے 4 مرتبہ ہل چلا کر اسے کراہ کر لینا چاہیے۔ فی ایکڑ 6 سے 8 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ماہرین نے بتایا کہ لیمن گراس سے حاصل ہونے والا تیل (Citrol) کاسمیٹکس، پرفیوم اور ادویات سازی کی صنعت میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کی مارکیٹ میں مستقل طلب رہتی ہے۔








