مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم میں ترقیاتی کام مزید تیز کرنے اور بجلی، گیس، ہارٹیکلچر سمیت تمام بنیادی سہولیات کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم میں ترقیاتی کام مزید تیز کرنے اور بجلی، گیس، ہارٹیکلچر سمیت تمام بنیادی سہولیات کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان کے مطابق وفاقی سیکرٹری نے منگل کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ اے اور ہائوسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔وفاقی سیکرٹری کو منصوبے، جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر مارگلہ آرچرڈ نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت، مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔کیپٹن (ر) محمد محمود نے سکیم میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور بجلی، گیس اور ہارٹیکلچر کے کاموں سے متعلق پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبوں اور ہارٹیکلچر کے کاموں کی تفصیلات دریافت کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

وفاقی سیکرٹری نے رین واٹر چینلائزیشن کے انتظامات اور اس حوالے سے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا جبکہ مین بلیوارڈ پر لائٹنگ کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دوران بریفنگ مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم کے بلاک اے کی جون 2027ء میں پوزیشن/قبضہ دینے سے متعلق پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی سیکرٹری نے ہدایت کی کہ منصوبے کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم ایک اہم رہائشی منصوبہ ہے، اس لیے ترقیاتی کاموں میں معیار، رفتار اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام ترقیاتی اور انفراسٹرکچر سے متعلق امور باہمی رابطے کے ساتھ آگے بڑھائے جائیں تاکہ الاٹیز کو بروقت بنیادی سہولیات فراہم اور منصوبے کی مقررہ اہداف کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

دورے کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری نے منصوبے پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار برقرار رکھنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں