مالدیپ کی خاتونِ اول ساجدہ محمد کا اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا دورہ
مالدیپ کی خاتونِ اول ساجدہ محمد کا اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):جمہوریہ مالدیپ کی خاتونِ اول ساجدہ محمد نے بدھ کے روز اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا دورہ کیا اور صحتِ عامہ کے شعبے میں ادارے کے ساتھ مستقبل میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلمان اور سینئر حکام نے پرتپاک انداز میں ان کا استقبال کیا اور ادارے کے اہم شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی، جن میں سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی)، پبلک ہیلتھ لیبارٹری ڈویژن (پی ایچ ایل ڈی)، نیوٹریشن ڈویژن، ویکسین کی تیاری کی سہولیات اور الرجی سینٹر شامل ہیں۔
دورے کے دوران خاتونِ اول نے سی ڈی سی میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (PHEOC) کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں نیشنل پبلک ہیلتھ سرویلنس سسٹم ڈیش بورڈ کو فعال کرنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بیماریوں کی نگرانی، صحت کو لاحق ابھرتے ہوئے خطرات کی مانیٹرنگ اور صحتِ عامہ کی ہنگامی صورتحال میں ردعمل کو مربوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔
ساجدہ محمد نے صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے این آئی ایچ کے عزم کو سراہا اور اس کے جدید بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے مالدیپ اور پاکستان کے درمیان صحتِ عامہ کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے این آئی ایچ کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔








