مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد نے جمعرات کو لوک ورثہ میوزیم اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، علاقائی روایات، مقامی دستکاری اور فنونِ لطیفہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد وقاص سلیم اور دیگر حکام نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ اس موقع …
مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد کا لوک ورثہ میوزیم اور پاکستان مانومنٹ کا دورہ، پاکستان کے ثقافتی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد نے جمعرات کو لوک ورثہ میوزیم اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، علاقائی روایات، مقامی دستکاری اور فنونِ لطیفہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد وقاص سلیم اور دیگر حکام نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر انہیں میوزیم میں محفوظ نوادرات اور ثقافتی اشیا کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لوک اور روایتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے ادارے کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔میوزیم کی مختلف گیلریوں کے دورے کے دوران مالدیپ کے صدر اور خاتون اول نے پاکستان کے مختلف علاقوں کی منفرد ثقافتی شناخت کی عکاسی کرنے والی مصنوعات دیکھیں۔
ان میں دیدہ زیب کڑھائی، روایتی ملبوسات و کپڑے، مٹی کے برتن، لکڑی پر نقش و نگاری اور مقامی فنون دستکاری کے دیگر نمونے شامل تھے جومقامی ہنرمندوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور ان ثقافتی روایات کی عکاسی کرتی ہیں اور ملک بھر کی مختلف برادریوں کی زندگی اور شناخت کا حصہ ہیں۔معزز مہمانوں نے روایتی طرز زندگی، علاقائی رسم و رواج اور نسل در نسل منتقل ہونے والے فنون و ہنر کی نمائندگی کرنے والی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی لی اور پاکستان کے قومی ثقافتی ورثے کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر محمد وقاص سلیم نے بتایا کہ لوک ورثہ کس طرح ملک کے متنوع ثقافتی ورثہ کو دستاویزی شکل دینے اور نمائش کے ذریعے اجاگر کرنے کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی کاوشوں کا مقصد روایتی ہنر کو محفوظ بنانا اور مقامی کمیونٹیز کے علم، تجربے اور دستکاری کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے پاکستان کی ثقافتی ورثہ، قدیم روایات اور مہمان نوازی کے روشن پہلوئوں سے بین الاقوامی شخصیات کو روشناس کرایا۔اس موقع نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان باہمی ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں ثقافتی تبادلے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔دریں اثنا صدر مالدیپ اور خاتون اول نے اسلام آباد میں پاکستان مانومنٹ اور فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کی قومی شناخت، تاریخ اور تعمیراتی ورثے کا مشاہدہ کیا۔








