مالدیپ کی پیپلز مجلس (نیشنل اسمبلی) کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ، براہ راست پروازوں کے آغاز پر تفصیلی بات چیت

مزید خبریں
کراچی۔23ستمبر (اے پی پی):مالدیپ کی پیپلز مجلس (نیشنل اسمبلی) کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق مالدیپ کے وفد میں ہائی کمشنر، سیکنڈ سیکریٹری، پارلیمانی ڈپٹی لیڈر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ پاکستان مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی شائستہ خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے ’’اسٹیٹ گیسٹ‘‘ کا درجہ پانے والے اس معزز وفد کا پی آئی اے ہیڈ آفس پہنچنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے، ایئر وائس مارشل عامر حیات نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین براہ راست فلائٹ آپریشن کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی گئی تاکہ تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو نئی رفتار دی جا سکے۔ اس موقع پر سپیکر نیشنل اسمبلی مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید پختہ بنائے گا اور اس سے باہمی تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔
سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں نئے طیاروں کی شمولیت کے ساتھ ہی مالدیپ کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور بین الاقوامی برادری کو براہ راست فضائی رابطوں سے منسلک کرنا پی آئی اے کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات کے اختتام پر سی ای او پی آئی اے نے مالدیپ کے اسپیکر اور وفد کے معزز ارکان کو یادگاری شیلڈز اور خصوصی تحائف پیش کیے۔







