امریکا کو پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات مالی سال 2026 کے دوران 1.55 فیصد اضافے سے 6.125 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26۔2025 کے دوران پاکستان کی امریکا کو اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں 1.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسی عرصے میں امریکا سے درآمدات میں تقریباً 39 فیصد کا نمایاں …
مالی سال 2026 کے دوران امریکا کو پاکستان کی برآمدات 6.125 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):امریکا کو پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات مالی سال 2026 کے دوران 1.55 فیصد اضافے سے 6.125 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26۔2025 کے دوران پاکستان کی امریکا کو اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں 1.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسی عرصے میں امریکا سے درآمدات میں تقریباً 39 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 تا جون 2026 کے دوران پاکستان کی امریکا کو مجموعی برآمدات 6.125 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 6.031 ارب ڈالر تھیں۔
سالانہ بنیادوں پر جون 2026 میں امریکا کو برآمدات 12.93 فیصد اضافے کے ساتھ 539.657 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ جون 2025 میں یہ 477.850 ملین ڈالر تھیں۔ اسی طرح ماہانہ بنیاد پر بھی جون 2026 میں برآمدات میں 16.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 461.250 ملین ڈالر سے بڑھ کر 539.657 ملین ڈالر ہو گئیں۔اس کے برعکس مالی سال26۔2025 کے دوران پاکستان کی دنیا کے دیگر ممالک کو مجموعی برآمدات 4.63 فیصد کم ہو کر 32.342 ارب ڈالر سے 30.843 ارب ڈالر رہ گئیں۔دوسری جانب امریکا سے پاکستان کی درآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
مالی سال26۔2025 کے دوران امریکا سے درآمدات 38.93 فیصد بڑھ کر 3.265 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 2.350 ارب ڈالر تھیں۔جون 2026 میں امریکا سے درآمدات سالانہ بنیاد پر 39.48 فیصد اضافے کے ساتھ 275.108 ملین ڈالر رہیں جو جون 2025 میں 197.231 ملین ڈالر تھیں تاہم ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں امریکا سے درآمدات 38.84 فیصد کم ہوئیں اور مئی 2026 کے 449.837 ملین ڈالر کے مقابلے میں 275.108 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر مالی سال26۔2025 کے دوران پاکستان کی کل درآمدات 8.99 فیصد اضافے کے ساتھ 59.146 ارب ڈالر سے بڑھ کر 64.465 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔








