متحدہ عرب امارات کی وزیر لانا نسیبہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے لیے امیدوار نامزد

متحدہ عرب امارات نے وزیر مملکت لانا نسیبہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر امیدوار نامزد کیا ہے۔وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے آئندہ سیکرٹری جنرل کے انتخاب اور تقرری کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خط کے ذریعے نامزدگی کی ہے۔

دبئی ۔23اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے وزیر مملکت لانا نسیبہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر امیدوار نامزد کیا ہے۔وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے آئندہ سیکرٹری جنرل کے انتخاب اور تقرری کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خط کے ذریعے نامزدگی کی ہے۔اماراتی صدر نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کے امور میں لانا نسیبہ کے وسیع تجربے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں ان کی بصیرت اور تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔

یاد رہے لانا نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ رہیں۔اس دوران انہوں نے جنرل اسمبلی کی نائب صدر، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے ایگزیکٹو بورڈ کی صدر اور جنرل اسمبلی کی فعالیت و سلامتی کونسل میں اصلاحات سے متعلق عمل کی شریک چیئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

امارات کی 2022-2023 کی سلامتی کونسل کی رکنیت کے دوران انہوں نے دو مرتبہ کونسل کی صدارت بھی کی۔اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سیکرٹری جنرل کا تقرر سلامتی کونسل کی سفارش پر جنرل اسمبلی کرتی ہے۔ انتخابی عمل آئندہ ہفتوں میں جاری رہے گا۔ منتخب سیکرٹری جنرل جنوری 2027 سے عہدہ سنبھالیں گے۔