محفوظ فضائی سفر کے لیے ایئرپورٹس کے اطراف کوڑا کرکٹ کھلے عام پھینکنے سے گریز کیا جائے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی

محفوظ فضائی سفر کے لیے ایئرپورٹس کے اطراف کوڑا کرکٹ کھلے عام پھینکنے سے گریز کیا جائے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے محفوظ فضائی سفر کو یقینی بنانے کے لیے عوامی آگاہی مہم کے تحت ہدایت جاری کی ہے کہ ایئرپورٹس کے اطراف اور ملحقہ علاقوں میں کوڑا کرکٹ کھلے آسمان تلے بالکل نہ پھینکا جائے کیونکہ صاف ستھرا ماحول ہی محفوظ فضائی سفر کی ضمانت ہے۔ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس کے اطراف صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس کے قریبی علاقوں میں کھلے عام کچرا پھینکنے سے پرندوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے، جو پرواز بھرنے یا اترنے والے طیاروں سے ٹکرا کر کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔انہوں نے عوام ، مقامی آبادیوں اور متعلقہ بلدیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ کوڑے کو مناسب طریقے سے دفن کیا جائے یا ڈھکن والے کچرا دانوں میں ڈالا جائے تاکہ پرندوں کی خوراک کا ذریعہ ختم ہو سکے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری نبھائیں تاکہ ملکی فضائی حدود اور سفر کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔