نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں جی-77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں ترقیاتی ایجنڈے کے تحفظ اور اسے اقوام متحدہ کے محور میں رکھنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
محمد اسحاق ڈار کا نیویارک میں جی-77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
نیویارک ۔26ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں جی-77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں ترقیاتی ایجنڈے کے تحفظ اور اسے اقوام متحدہ کے محور میں رکھنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز، بشمول قرضوں کا بوجھ، محدود مالیاتی گنجائش، موسمیاتی کمزوریاں، اور وسیع ہوتی ہوئی ٹیکنالوجی کے خلا کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے طے شدہ اعلانات کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی اپیل کی، جس میں سویلا معاہدہ کے نفاذ اور بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق اقوام متحدہ کے ابھرتے ہوئے میکانزم کو ٹیکنالوجی کے خلا کو پر کرنا چاہیے اور یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی اے آئی گورننس میں بامعنی آواز حاصل ہو۔ انہوں نے بین الاقوامی ٹیکس مذاکرات کے منصفانہ نتیجے کی بھی اپیل کی اور عالمی موسمیاتی کارروائی میں مساوات اور مشترکہ لیکن تفریق شدہ ذمہ داریوں کے اصولوں کا اعادہ کیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے ایک زیادہ منصفانہ بین الاقوامی اقتصادی نظام کو آگے بڑھانے اور ترقی کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے کے مرکز میں رکھنے کے لیے جی-77 اور چین کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔








