محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کیلئے پابندی عائد کردی

مزید خبریں
لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے آوٹ ڈور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کیلئے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہو گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرون کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی سطح پر "سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت ضلعی "سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” دے گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت کے ساتھ متعلقہ ڈرون کی فلائٹ پابندی سے مستثنی ہو گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت آٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔







