محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کالی زیری کی کاشت کا عمل بروقت شروع کرکے وسط جولائی تک مکمل کریں تاکہ بہتر اور معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔
محکمہ زراعت سیالکوٹ کی کاشتکاروں کوکالی زیری کی کاشت بروقت شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔3جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کالی زیری کی کاشت کا عمل بروقت شروع کرکے وسط جولائی تک مکمل کریں تاکہ بہتر اور معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔زراعت آفیسر مرکز کینٹ سیالکوٹ عمار عبداللہ نے بتایا کہ کالی زیری کی فصل جون میں کاشت کی جاتی ہے اور مناسب وقت پر کاشت سے پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصل کی کامیاب کاشت کے لیے زمین کو 5 سے 6 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اچھی طرح تیار کریں۔انہوں نے بتایا کہ زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے کے لیے 10 سے 12 گڈے اچھی طرح گلی سڑی گوبر کی کھاد زمین میں شامل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالی زیری کی کاشت کے لیے اڑھائی سے 3 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کیا جائے۔کاشتکار کھیت میں ڈیڑھ سے 2 فٹ کے فاصلے پر کھیلیاں بنائیں اور ان کے سروں پر تقریباً 9 انچ کے وقفے سے بیج کی چٹکیاں لگائیں۔ انہوں نے فصل کی بہتر نشوونما کے لیے بروقت آبپاشی کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ کالی زیری کی کاشت اور دیکھ بھال کے حوالے سے مزید رہنمائی کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا زرعی ماہرین سے رابطہ کر سکتے ہیں۔








