محکمہ زراعت نے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت موسم سرما کی سبزیوں کے بیجوں کے پیکٹوں کی تیاری کا آغاز کردیا

فیصل آباد۔18اگست (اے پی پی):کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت موسم سرما کی سبزیوں مولی، گاجر، شلجم، پالک،ٹماٹر، مرچ، دھنیا،سلاداورمیتھی کے بیجوں کے پیکٹوں کی تیاری کا کام شروع کردیاگیاہے جبکہ حکومت کے گھریلو پیمانے پر صاف ستھری سبزیو ں کی پیداوار بڑھانے اور سستی سبزیوں کی فراہمی کے منصوبہ کے تحت موسم سرما کی مذکورہ سبزیوں کے زیادہ سے زیادہ پیکٹ تیار کئے جائیں گے جنہیں محکمہ زراعت کا توسیعی شعبہ ستمبرسے اکتوبرتک سبسڈائزڈنرخوں پرصوبہ کے تمام اضلاع میں شہری ودیہی عوام کو فروخت کیلئے فراہم کرے گا۔

ماہرین زراعت نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد آلودگی سے پاک سبزیوں کا حصول اور گھریلو بجٹ پر دباؤ کم کرنا ہے۔انہوں نے بتایاکہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے عموماً 1سے5مرلہ جگہ درکار ہوتی ہے اور ایک اوسط درجے کے خاندان کی سبزیوں کی ضروریات پورا کرنے کیلئے 3مرلہ جگہ کافی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر گھر وں میں زمین موجود نہ ہوتو اس مقصد کیلئے مٹی کے بنے ہوئے گملے، پلاسٹک کے ٹب، ٹوکریاں، لکڑیوں کے کریٹ، پلاسٹک شاپر، کھاد والے تھیلے، پلاسٹک اور لوہے کے ڈرم اور پرانے ٹائر زاستعمال کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان کنٹینرز کو مٹی، گلی سٹری گوبر کی کھاد اور بھل کی یکساں مقدار والے آمیزہ سے بھر لیا جائے۔

انہوں نے گھریلو پیمانے پر سبزیاں کاشت کرنے والوں کو سفارش کی کہ وہ سبزیوں کی دیرپا فراہمی کیلئے ان کی بوائی دس، دس دن کے وقفہ سے کریں اوربوائی کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ بیج مناسب گہرائی تک کاشت کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ چھوٹے پلاٹوں میں مرچ، ٹماٹر، مولی، گاجر، شلجم، میتھی، پالک اور دھنیا کو کھیلیوں پر کاشت کریں جبکہ مختلف کنٹینرز میں سبزیوں کی کاشت کی صورت میں اس بات کا خیال رکھیں کہ ان میں نمی سوکھنے نہ پائے اور نہ ہی بہت زیادہ پانی جمع ہونیز کنٹینرز میں اگائی گئی سبزیوں کو گھر میں دیواروں سے کم ازکم 1فٹ دور ایسی جگہ پر رکھیں جہاں کم ازکم 6سے8گھنٹے دھوپ لگے۔

انہوں نے کہاکہ گھریلو پیمانے پر کنٹینرز میں کاشتہ سبزیوں کی روزانہ 15سے 20منٹ جبکہ3سے 5مرلہ زمین پرکاشتہ سبزیوں کی 30سے45منٹ کی دیکھ بھال سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔