محکمہ زراعت نے ہر ضلع میں مٹی اورپانی کے تجزیہ کیلئے لیبارٹریاں قائم کردیں

فیصل آباد۔13ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے فیصل آبادڈویژن سمیت صوبہ کے ہر ضلع میں مٹی اورپانی کے تجزیہ کیلئے لیبارٹریاں قائم کردی ہیں جہاں کاشتکار انتہائی معمولی نرخوں پر مٹی کا تجزیہ کروا سکیں گے

۔محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ مٹی وپانی کے تجزیہ کی رپورٹ کی روشنی میں کھادوں کامتناسب استعمال یقینی بنائیں تاکہ پیداواری لاگت میں کمی کے علاوہ فصلوں کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکار کوئی بھی فصل کاشت کرنے سے قبل اپنے کھیتوں کی مٹی اور ٹیوب ویل کے پانی کا تجزیہ کرواسکتے ہیں کیونکہ اس سے فصلوں کی کاشت، کھادوں کے استعمال اور آبپاشی کے بارے میں انہیں سفارشات سے آگاہ کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ زرعی اجناس کی فصلوں کی بھرپور پیداوار کیلئے صحت مند زمین اور آبپاشی کیلئے موزوں پانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے جس میں کوتاہی کاشتکار کیلئے بعد ازاں فصلات میں کمی اور مالی نقصان کاباعث بن سکتی ہے۔