اے ایس ایف کے زیر اہتمام چارسدہ میں کریلے کے کاشتکاروں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ اور ڈسٹری بیوشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے تقریباً 50 زمینداروں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران ماہرین نے کاشتکاروں کو جدید زرعی رجحانات، سائنسی طریقہ کاشت اور فصلوں کی بہتر نگہداشت سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ شرکاء کو موسمی بیماریوں، خصوصاً کریلے کی فصل کو درپیش خطرات …
محکمہ زراعت و ایگری بزنس سپورٹ کے زیر اہتمام کریلے کے کاشتکاروں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ اور فری ڈسٹری بیوشن تقریب کا انعقاد
پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):اے ایس ایف کے زیر اہتمام چارسدہ میں کریلے کے کاشتکاروں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ اور ڈسٹری بیوشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے تقریباً 50 زمینداروں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران ماہرین نے کاشتکاروں کو جدید زرعی رجحانات، سائنسی طریقہ کاشت اور فصلوں کی بہتر نگہداشت سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ شرکاء کو موسمی بیماریوں، خصوصاً کریلے کی فصل کو درپیش خطرات اور نقصانات کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔ ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کریلے کی فصل پر پڑنے والے منفی اثرات، خصوصاً کیڑوں اور مچھروں کے حملوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اور عملی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت اور اے ایس ایف کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی جدید، مؤثر اور کم لاگت ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کے تحفظ کے مختلف طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ورکشاپ میں جدید تحقیق کی بنیاد پر تیار کردہ معیاری اور کم قیمت ”فروٹ فلائی ٹریپ“ بھی متعارف کرایا گیا۔ محققین کے مطابق ماضی میں یہ ٹریپ نسبتاً مہنگا ہونے کے باعث عام کاشتکاروں کی پہنچ سے دور تھا، تاہم اب اسے کم لاگت میں تیار کرکے کسانوں کے لیے آسانی سے دستیاب بنایا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر اے ایس ایف کی جانب سے کاشتکاروں میں فروٹ فلائی ٹریپس مفت تقسیم کیے گئے۔ زمینداروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس جدید سہولت کی بدولت کریلے کی فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور پیداوار میں بہتری آئے گی۔ اے ایس ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محکمہ زراعت کے تعاون سے کسانوں کی فلاح، زرعی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کی ترویج کے لیے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔









